امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے قدرے تاخیر کے بعد اپنے مشہورِ زمانہ موبائل فون کا نیا ماڈل آئی فون 12 متعارف کروا دیا ہے جس میں کمپنی کے مطابق پہلے کے مقابلے میں نئی خصوصیات موجود ہیں۔

بی بی سی کے مطابق یہ ایپل کے پہلے فون ہیں جو 5 جی ٹیکنالوجی پر کام کریں گے، جس کے 4 ماڈل متعارف کروائے گئے ہیں جن میں ایک نسبتاً کم قیمت اور چھوٹے سائز والا ’آئی فون منی‘ بھی شامل ہے۔ ایپل نے نئے ماڈلز کی ظاہری وضع قطع میں بھی کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔

موبائل فون کی عالمی مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ رواں برس ایپل کے پاس 2014 کے بعد اپنی فروخت بڑھانے کا سب سے بڑا موقع ہے جس کی بڑی وجہ نئے ماڈلز کا 5 جی فون ہونا ہے۔

ویڈ بش سیکیورٹیز کے تجزیہ کار ڈین آئیوز کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا میں جو 95 کروڑ آئی فون زیرِ استعمال ہیں، ان میں سے 40 فیصد کم از کم گزشتہ 3 برس کے عرصے میں اپ گریڈ نہیں کئے گئے اور یوں یہ کمپنی کیلئے ایک بڑا موقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق فائیو جی ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ کے معاملات میں کارکردگی کا ایک نیا معیار دے گی اور ویڈیو کی اسٹریمنگ بہتر معیار کی ہوگی جبکہ گیمنگ کے شعبے میں بھی کارکردگی پہلے سے کہیں بہتر محسوس ہوگی۔

چار نئے ماڈل اور ان کی قیمتیں

ایپل نے آئی فون 12 کے جو 4 ماڈل متعارف کروائے ہیں ان میں آئی فون 12، آئی فون 12 منی، آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرو میکس شامل ہیں۔

ان چار ماڈلز میں سب سے کم قیمت آئی فون 12 منی ہے اور 5.4 انچ اسکرین والے اس فون کی قیمت 699 امریکی ڈالر (تقریباً ایک لاکھ 14 ہزار روپے) رکھی گئی ہے جبکہ 6.1 انچ والا آئی فون بارہ 799 ڈالر (تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار روپے) میں دستیاب ہوگا۔

آئی فون 12 کے دیگر 2 ماڈل کی قیمت زیادہ ہے اور آئی فون 12 پرو 999 ڈالر (تقریباً ایک لاکھ 63 ہزار روپے) جبکہ پرو میکس 1099 ڈالر (تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار روپے) میں دستیاب ہوگا۔ آئی فون پرو کا ڈسپلے 5.8 انچ سے بڑھا کر 6.1 انچ کردیا گیا ہے جبکہ پرو میکس کا ڈسپلے اب 6.7 انچ کا ہوگا جو ایپل کے کسی بھی فون کا سب سے بڑا ڈسپلے ہے۔

ایپل کے مطابق آئی فون 12 پانچ رنگوں سیاہ، سفید، سرخ، سبز اور نیلے رنگ میں دستیاب ہوگا جبکہ یہ آئی فون 11 سے حجم اور وزن میں کم ہوگا۔

کمپنی کے مطابق آئی فون 12 اور 12 پرو امریکا میں 23 اکتوبر 2020ء سے دکانوں پر دستیاب ہوگا جبکہ آئی فون 12 منی اور 12 پرو میکس بازار میں 13 نومبر سے فروخت کیلئے پیش کئے جائیں گے۔

نئی بایونک چپ

ایپل کا کہنا ہے کہ نئے ورژن کے آئی فونز میں جدید ترین چپ اے 14 بایونک چپ لگی ہوئی ہے جسے فائیو نینو میٹر پروسیس پر تیار کیا گیا ہے۔

اس فون میں استعمال کئے گئے ’فائیو نینو میٹر پروسیس‘ سے مراد اس حقیقت کی طرف اشارہ ہے کہ چپ کے ٹرانسسٹرز کا حجم مزید کم کردیا گیا ہے۔

اس چِپ کی وجہ سے فون کے صارفین اب پہلے کی نسبت کم بیٹری کا استعمال کرتے ہوئے 4 کے ویڈیو میں ترمیم کرنے کے علاوہ تصاویر کی ریزولوشن بڑھانے اور گرافکس سے بھرپور ویڈیو گیمز بہتر طریقے سے بغیر کسی رکاوٹ کے کھیل سکیں گے۔

سیرامک شیلڈ

ایپل کا کہنا ہے کہ آئی فون 12 کا ڈسپلے اب ایل سی ڈی کی جگہ او ایل ای ڈی ہوگا جس سے نا صرف بہتر رنگ دستیاب ہوں گے بلکہ اس سے فون کے حجم میں بھی 11 فیصد کی کمی ممکن ہوئی ہے۔

کمپنی کے مطابق جہاں نئے آئی فونز کی اسکرین کی ریزولوشن بہتر ہے وہیں ان میں ایک ’سیرامک شیلڈ‘ بھی استعمال کی گئی ہے تاکہ گرنے کی صورت میں اس کا 4 گنا بہتر بچاؤ ممکن ہوسکے۔

لیڈار اسکینر اور بہتر کیمرہ

آئی فون 12 اور 12 منی میں دو عقبی کیمرے دیئے گئے ہیں جن میں وائیڈ اور الٹرا وائیڈ عدسے موجود ہیں جبکہ آئی فون 12 پرو اور 12 میکس میں ان کے علاوہ ٹیلی فوٹو لینس بھی دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق آئی فون 12 پرو اور پرو میکس میں لیڈار (لائٹ ڈیٹیکشن اینڈ رینجنگ) اسکینر بھی موجود ہے، یہ اسکینر تصویر میں نظر آنیوالے منظر کی وسعت کو باریکی سے پیش کرتا ہے اور کم روشنی میں بھی 6 گنا تیزی سے بہتر آٹو فوکس کی سہولت دیتا ہے۔

کمپنی نے آئی فون پرو میکس کے عقبی وائیڈ اینگل کیمرا لینس کو بھی بڑا سینسر دیا ہے تاکہ کم روشنی میں بھی اس کی کارکردگی معیاری ہو۔

ایپل کے مطابق اس فون سے اب نائٹ موڈ سیلفیز بغیر فلیش استعمال کئے کھینچی جاسکیں گی۔

چارجر اور ہیڈ فون دونوں غائب

جہاں ایپل نے اپنے نئے فونز میں بہت سی چیزیں شامل کی ہیں وہیں اس مرتبہ جب آپ نئے فون کا ڈبہ کھولیں گے تو اس میں نا تو چارجر ہوگا اور نہ ہی ہیڈ فونز۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ایپل نے اپنے فونز کے ساتھ یہ دونوں چیزیں شامل نہیں کیں اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کی وجہ ماحولیات پر برے اثرات کم کرنا ہے۔

ان نئے ماڈلز کی چارجنگ کیلئے فون کے عقبی حصے میں ایک مقناطیسی چِپ نصب کی گئی ہے جو مطابقت رکھنے والے چارجرز سے جڑ کر فون کو چارج کرے گی جس سے فون زیادہ جلدی چارج بھی ہوگا۔

اسمارٹ اسپیکر

نئے آئی فونز کے علاوہ ایپل نے منگل کو اپنے اسمارٹ اسپیکر کا نیا ورژن بھی متعارف کروایا ہے جس کا نام ہوم پوڈ منی رکھا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا یہ اسپیکر ایپل کے علاوہ بہت سی دیگر کمپنیوں کے آلات اور خدمات کے ساتھ بھی مطابقت رکھتا ہے۔

آواز سے کنٹرول ہونیوالی یہ ڈیوائس قریب موجود آئی فون کی شناخت کرکے اس سے جڑ سکتی ہے۔

Share: