کئی سال بعد مائیکرو سافٹ نے اپنا پہلا اسمارٹ فون سرفیس ڈو 2019 کی شکل میں متعارف کرایا تھا جو کہ ڈوئل سکرین والا فون تھا۔ یہ مائیکروسافٹ کا وہ فون تھا جو اس نے ونڈوز 10 کے بجائے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ متعارف کروایا اور 2020 میں فروخت کے لیے پیش کیا۔اب کمپنی نے اپنا اپ ڈیٹڈ ماڈل سرفیس ڈو 2 متعارف کرایا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیا اینڈرائیڈ اسمارٹ فون سرفیس ڈو 2 کمپنی کے سرفیس ایونٹ کے دوران متعارف کرایا گیا جس کی 2 سکرینیں ہیں اور اسے پچھلے ماڈل کے مقابلے میں بہت زیادہ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

کیمرے ، بڑی سکرین ، سافٹ وئیر اور تمام معمولی نقائص جو کہ پچھلے ماڈل کا حصہ تھے اس ماڈل میں ٹھیک کر دیے گئے ہیں۔ فون کی ڈوئل سکرین پر بیک وقت 2 ایپس استعمال کی جا سکتی ہیں جبکہ ڈیوائس کو بھی پتلا کر دیا گیا ہے۔

سرفیس ڈاؤ 2 کو 5 جی سپورٹ کے ساتھ کوالکوم کے اسنیپ ڈریگن 888 پروسیسر سے متعارف کروایا گیا ہے۔ فون 8 جی بی ریم کے ساتھ آتا ہے جبکہ 4449 ایم اے ایچ بیٹری ڈیوائس کا حصہ ہے۔

سرفیس ڈو کیمرہ سیٹ اپ کو بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، اور اسی وجہ سے کمپنی نے اس ماڈل میں بلکل نئے کیمرے شامل کیے ہیں۔ اب وسیع ، الٹرا وائیڈ اور 2 ایکس ٹیلی فوٹو کیمرے پچھلے حصے میں شامل کیے گئے ہیں۔

وائیڈ اینگل کیمرہ 12 میگا پکسل ڈوئل پکسل پی ڈی ایف سینسر سے لیس ہے جبکہ 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے بھی سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔

نئے فون میں 5.8 انچ کی سکرین اور 8.3 انچ کی OLED ڈسپلے ہے جبکہ دونوں سکرینوں کی ریفریش ریٹ 90 ہرٹز ہے۔ کمپنی کے مطابق فون میں ایک نیا ساؤنڈ سسٹم ہے جو سٹیریو ساؤنڈ فراہم کرتا ہے جبکہ سرفیس پین کو مقناطیسی طور پر جوڑا جا سکتا ہے۔ سرفیس ڈو 2 پری آرڈر میں دستیاب ہے اور 21 اکتوبر تک صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

Share: