دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو ویب سائیٹ یوٹیوب نے ویڈیوز کے ذریعے عام لوگوں کے پیسے کمانے کا طریقہ تبدیل کرتے ہوئے اسے قدرے محنت طلب کر دیا۔ اب یوٹیوب پر پیسے کمانے کے خواہش مند افراد کو اپنی ویڈیوز کے پیسے اس وقت ملنا شروع ہوں گے، جب کہ ان کی اپ لوڈ کی گئی ویڈیو کو کم سے کم 10 ہزار افراد دیکھیں گے۔ اس سے قبل یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھے جانے کی یہ قید نہیں تھی، بلکہ صرف ویڈیو پر چلنے والے اشتہار کی کمائی کا ایک مخصوص حصہ ویڈیواپ لوڈ کرنے والے کو فراہم کیا جاتا تھا۔ پہلے ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے کو ہر 100 ڈالر پر مخصوص حصہ دیا جاتا تھا لیکن اب یوٹیوب نے اسے قدرے مشکل بناتے ہوئے کم سے کم 10 ہزار افراد کے دیکھے جانے کی شرط لگا دی۔ اب کسی بھی ویڈیو کو 10 ہزار افراد کے دیکھنے کے بعد اپ لوڈ کرنے والے کو اس کا مخصوص حصہ فراہم کیا جائے گا۔ یوٹیوب نے اس پروگرام میں تبدیلیاں کرتے ہوئے بلاگ پوسٹ میں لکھا کہ یہ قدم دوسروں کے ویڈیوز چوری کرکے اپ لوڈ کرنے جیسے عوامل کے بعد اٹھایا گیا۔

کمپنی نے وضاحت کی کہ یوٹیوب اور پارٹنرز کے درمیان باقی تمام معاملات پہلے کی طرح ہوں گے، مگر ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے کو رقم کی ادائگی تب ہی کی جائے گی جب اس ویڈیو کو 10 ہزار افراد دیکھیں گے۔

خیال رہے کہ یوٹیوب نے یہ پروگرام 2007 میں متعارف کرایا تھا، پاکستان میں یہ پروگرام 2016 میں شروع کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت صارف کو ایڈ سینس ہوسٹڈ اکاؤنٹ بنانا پڑتا ہے، جو صارف کے یوٹیوب چینل سے منسلک ہوتا ہے۔ یوٹیوب پر اکاؤنٹ کیسے بنایا جائے، اور یہ کام کیسے کرتا ہے، اس حوالے سے مزید معلومات نیچے دئیے گئے مضمون میں پڑھیں۔

Share: