اگر فوٹوگرافی اور دیگر فیچرز کے حوالے سے بات کی جائے تو جو کمپنی سام سنگ اور ایپل کے مقابلے پر کھڑی نظر آتی ہے وہ ہیواوے ہے اور اس کا نیا فلیگ شپ فون پی ٹین پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔ ہیواوے نے فروری میں موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران اپنے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون پی ٹین  اور پی ٹین پلس متعارف کرائے تھے جس میں سے اب پی ٹین کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ دیکھنے میں یہ فون گزشتہ سال کے ماڈل پی نائن سے کچھ زیادہ مختلف نہیں، بس ڈیزائن کچھ معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ قیمت کے لحاظ سے بھی یہ سام سنگ کے گلیکسی ایس سیریز اور آئی فون سے کافی سستا ہے جبکہ فیچرز کے لحاظ سے ان کی ٹکر کا ہے۔

درحقیقت کیمرے کے لحاظ سے یہ انتہائی بہترین فون ہے جس میں لائیسا برانڈڈ ڈوئل کیمرہ موجود ہے۔

ہیواوے پی ٹین میں فل ایچ ڈی 5.1 انچ اسکرین کے ساتھ ہے جو کہ لگ بھگ قوس و قزح جتنے رنگوں میں دستیاب ہوگا۔ ہیواوے نے دیگر کمپنیوں کے برعکس اس بار فنگر پرنٹ سنسر کو بیک سے فرنٹ ہوم بٹن میں منتقل کردیا ہے جس سے یہ بٹن پہلے کے مقابلے میں مختلف ہوگیا ہے۔ اس فون میں ہیواوے کی 960 کیرن چپ سیٹ دیا گیا ہے، 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ جیسا ذکر کیا جاچکا ہے کہ اس فون کا سب سے بہترین فیچر اس کا لائیسا(Leica) برانڈ ڈوئل کیمرہ ہے جن میں سے ایک 20 میگا پکسل مونو کروم سنسر جبکہ دوسرا بارہ میگا پکسل کلر سنسر سے لیس ہے، جو کہ فوٹو پراسیسنگ فیچرز کو سپورٹ کرتے ہیں۔ اس کا فرنٹ کیمرہ دونوں فونز میں 8 میگا پکسلز کا ہے جس میں منظر خودکار طور پر اس صورت میں ایڈجسٹ ہوجاتا ہے جب شاٹ میں ایک سے زیادہ لوگ ہوں یا یوں کہہ لیں کہ گروپ سیلفی کے لیے اچھا فیچر ہے۔ پی ٹین میں 3200 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے اور فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی موجود ہے۔

اس فون میں اینڈرائیڈ 7.0 کے ساتھ ہیواوے کا اپنا ینٹرفیس ای ایم یو آئی 5.1 موجود ہے جو پہلے کے مقابلے میں متعدد بہتریاں لایا ہے جس میں سے ایک ریم میموری کو بہتر طریقے سے استعمال کرنا ہے جسے الٹرا میموری کا نام دیا گیا ہے۔ یہ دونوں ڈیوائسز واٹر پروف بھی ہیں اور انہیں آدھے گھنٹے میں پورے دن کے چلنے والی بیٹری کے برابر چارج کیا جاسکتا ہے۔

یہ فون پاکستان میں 59 ہزار 999 روپے میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

p10p10 colors

Share: