ٹیلی نار پاکستان نے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک نئی سہولت فراہم کی ہے جس کے تحت وہ گوگل پلے اسٹور سے ایپس یا گیمز کی خریداری اپنے موبائل بیلنس کو استعمال کرکے کرسکیں گے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹ کیرئیر بلنگ (ڈی سی بی) نامی اس فیچر کو پہلی بار پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کی بدولت ٹیلی نار صارفین کو گوگل پلے اسٹور میں ایپس یا گیمز کی خریداری کے لیے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ موبائل بیلنس سے ہی خریداری کرسکیں گے۔ صارفین آسانی سے ڈی سی بی کو اپنے اینڈرائیڈ فونز پر ایکٹیو کرسکتے ہیں جس کے لیے انہیں گوگل پلے اکاﺅنٹ مینیو میں ادائیگی کے طریقہ کار میں ‘یوز ٹیلی نار بلنگ’ کا اضافہ کرنا ہوگا۔

جب یہ عمل مکمل ہوجائے گا تو صارف اپنی پسند کی ایپ یا گیم کے خریداری (Buy) بٹن پر کلک کرے گا، پھر بل مائی ٹیلی نار اکاﺅنٹ منتخب کرکے گوگل اکاﺅنٹ کا پاس ورڈ ڈال کر خریداری کی تصدیق کرے گا۔ اگر غلطی سے کوئی ایپ خرید لی جائے تو ڈی سی بی میں ری فنڈ کا آپشن فوری طور پر خریداری کے بعد نظر آنے لگتا ہے اور دو گھنٹے تک برقرار رہتا ہے، صارفین اس کے لیے گوگل پلے اسٹور کے مینیو میں آرڈر ہسٹری کے ذریعے اسے دیکھ سکتے ہیں۔ ٹیلی نار کے مطابق ہم آن لائن خریداری کو سادہ اور محفوظ بنانا چاہتے ہیں خاص طور پر نوجوان صارفین کے لیے جو کریڈٹ یا ڈیبیٹ کارڈ سے محروم ہوتے ہیں مگر ڈی سی بی کے ذریعے وہ آسانی سے خریداری کرسکیں گے جبکہ ری فنڈ آپشن انہیں تحفظ دے گا۔ یہ سروس آج سے ٹیلی نار کے پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

Share: