واٹس ایپ نے چند نئی بڑی تبدیلیاں صارفین کے لیے متعارف کرا دی ہیں جن میں سب سے خاص فوٹو فلٹرز ہیں۔ جی ہاں واٹس ایپ نے صارفین کے لیے فوٹو فلٹرز کا فیچر متعارف کرا دیا ہے اور انسٹاگرام جیسے فلٹرز سے اب تصاویر کو سجایاجاسکے گا۔ اس کے علاوہ چیٹ میں آٹو میٹک البم کافیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ مگر جیسا بتایا جاچکا ہے کہ فوٹو فلٹر ہی ممکنہ طور پر سب سے بڑی تبدیلی ہے جس میں آپ کسی تصویر، ویڈیو یا اینیمیٹڈ فوٹو کو پانچ مختلف فلٹرز سے سجا سکتے ہیں۔ اسی طرح خودکار البم کے تحت اگر آپ کسی چیٹ میں کئی تصاویر یا ویڈیوز بھیجیں گے تو وہ سنگل البم کی شکل میں ڈھل جائیں گی ۔ اس کے علاوہ گروپ چیٹ میں کسی انفرادی میسج پر رائٹ سویپ کرکے آپ براہ راست اسے رئیپلائی کرسکیں گے۔

یہ تینوں فیچرز فی الحال آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ تاہم توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل قریب میں یہ تینوں خصوصاً فوٹو فلٹرز کا فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔

واٹس ایپ جلد ہی اپنے صارفین کے لیے اپنی ایپ میں ایک ایسا فیچر شامل کرنے جارہا ہے جو غلط بھیجے ہوئے پیغامات کو واپس کرسکتا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے آپ وہ پیغامات ڈیلیٹ کرسکتے ہیں جنہیں آپ بھیج چکے ہیں اور ڈیلیٹ کرنے کے بعد جس شخص کو آپ نے یہ پیغامات بھیجے ہیں وہ انہیں دوبارہ نہیں دیکھ پائے گا۔ اس فیچر کا نام ری کال رکھا گیا ہے جو الفاظ، تصاویر، ویڈیو اور جفس پیغامات کو ڈیلیٹ کر سکے گا۔

تاہم یہ فیچر ان پیغامات کو صرف اسی صورت میں مٹا سکتا ہے اگر اسے بھیجے جانے کے 5 منٹ کے اندر ڈیلیٹ کیا جائے اور اگر کسی پیغام کو بھیجے ہوئے 5 منٹ گزر گئے تو پھر اسے دوبارہ ڈیلیٹ کرنا ناممکن ہوگا۔ واٹس ایپ کے فیچرز کو ٹیسٹ کرنے والی ایک ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ ری کال کا فیچر اپنے “2.17.30+” ورژن میں شامل کرے گا۔ یہ ورژن پلے اسٹور میں تو شامل کردیا گیا ہے تاہم اب تک اس فیچر کو فعال نہیں کیا گیا۔ امید ہے کہ واٹس ایپ کا یہ نیا اور اہم فیچر جلد متعارف کروا دیا جائے گا۔

Share: