فیس بک کی جانب سے گزشتہ ماہ سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران میسنجر میں کئی تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا تھا جن میں زیادہ تر چیٹ بوٹس اور چیٹ ایکسٹینشز کے گرد گھومتی تھیں اور اب اس میسنجنگ ایپ کا انٹرفیس تبدیل کردیا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے والے اس انٹرفیس میں اب ایکٹیو ناﺅ کانٹیکٹ کے بارے میں جاننا بہت آسان ہو گیا ہے جو کہ اب ایک الگ ٹیب میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ اسی طرح گروپس کا ایک نیا ٹیب بھی متعارف کرایا گیا ہے تاکہ گروپس کو دیکھا یا تلاش کیا جا سکے۔ میسنجر میں اب گیمز کے لیے بھی ایک الگ بٹن مختص کردیا گیا ہے جو نیچے دائیں جانب کونے پر موجود ہے۔ وہاں کلک کر کے اب متعدد گیمز کو دیکھ کر آسانی سے کھیل سکتے ہیں بلکہ دوستوں کے ساتھ بھی کھیل سکتے ہیں۔ میسنجر میں اب سیٹنگ بٹن بھی گیمز کے برابر رکھ دیا گیا ہے اور فیس بک کو توقع ہے کہ میسنجر اب صارفین کے لیے گیمنگ ہب بھی بن سکے گی۔ فیس بک مینسجر کا یہ نیا انٹرفیس اس وقت محدود تعداد میں صارفین کو دستیاب ہے تاہم بہت جلد یہ دنیا بھر میں متعارف کرا دیا جائے گا۔

اس سے قبل رواں سال کے دوران میسنجر میں فیس بک کی جانب سے میسنجر ڈے (انسٹاگرام اسٹوریز جیسا فیچر) اور ری ایکشنز کو بھی متعارف کرایا جاچکا ہے۔ فیس بک نے ری ایکشنز جیسے فیچر کو میسنجر کی تاریخ کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ قرار دیا تھا جس مین چیٹ میں کسی انفرادی پیغام پر ردعمل مختلف ایموجیز کے ذریعے ظاہر کیا جاسکتا ہے۔

Share: