آپ کو سام سنگ کا گیلیکسی نوٹ7 موبائل فون تو یاد ہو گا جس کے پھٹنے کے واقعات آئے روز پیش آ رہے تھے؟ کمپنی نے دنیا بھر سے یہ موبائل فون واپس منگوا لئے تھے لیکن اب انہیں نئی شکل دے کر سستی قیمت پر ایک بار پھر مارکیٹ میں لانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق اب یہ موبائل فون ”گلیکسی نوٹ فین ایڈیشن“ کے نام سے مارکیٹ میں آ رہا ہے اور اس کی قیمت پہلے کی نسبت دو تہائی ہے۔ گلیکسی نوٹ 7 کے پھٹنے کے واقعات دنیا بھر میں پیش آ رہے تھے جس کی وجہ سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ اب سام سنگ کا کہنا ہے کہ نوٹ ایف ای مکمل طور پر محفوظ ہے۔ کمپنی کے مطابق اس میں نئی قسم کی بیٹری استعمال کی گئی ہے اور اس کی قیمت صرف 470 پاﺅنڈ ہو گی۔ اس کی فروخت کا آغاز جمعہ کے روز سے متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق نوٹ ایف ای کو واپس لئے گئے موبائل فونز کے پارٹس اور پرزوں سے ہی بنایا گیا ہے اور اس قسم کے تقریباً 4 لاکھ نئے فون متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ نئے نوٹ ایف ای کی سکرین کا سائز 5.7 انچ ہے اور اس میں سٹائلس اور آئرس سکینر کے فیچرز بھی موجود ہیں۔

نوٹ 7 سام سنگ کے لئے اس کی تاریخ کی سب سے بڑی شرمندگی ثابت ہوا تھا اور بھاری مالی نقصانات کا باعث بھی بنا تھا۔ جب اسے اگست 2016ء میں متعارف کروایا گیا تو یہ 700 پاﺅنڈ کی قیمت کے ساتھ اس وقت کے مہنگے ترین موبائل فونز میں سے ایک تھا۔ بیٹری کی خرابی کی وجہ سے یہ موبائل فون پھٹ جاتا تھا اور یہی وجہ تھی کہ کمپنی کو دنیا بھر سے یہ موبائل فون واپس لینے پڑے۔

Share: