کینسر ایک موزی مرض ہے اور اس کے موثر علاج میں لگے سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے ایک خاص قسم کی خوردبین (مائیکرو اسکوپ) بنائی ہے جو کینسر سرجری کے دوران مزید سرطان زدہ رسولیوں کی نشاندہی کر کے سرجنوں کا کام آسان بناتی ہے اور اس طرح بار بار سرجری کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔

یہ عمل دیکھنے میں آیا ہے کہ عام طور پر کینسر کے خلیات دور کرتے ہوئے صحت مند خلیات اور حصے بھی نکل جاتے ہیں۔ اب اگر سرجن حضرات کو کسی حصے پر سرطان کا شبہ ہوتا ہے تو اس کی بایوپسی کی ضرورت پیش آتی ہے جس میں وقت لگ جاتا ہے اور بار بار آپریشن کی ضرورت پیش آتی ہے۔ یہ عمل مریض کے لیے تکلیف دہ ہوتا ہے۔

یہ نئی خوردبین ایک طاقتور روشنی جسم یا زخم پر ڈالتی ہے اور روشنی اندر تک اتر جاتی ہے جس سے آدھے گھنٹے تک مائیکرو اسکوپ اندر کی صورت حال دکھاتی ہے اور سرجن اچھی طرح اس کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ اگر اس میں مزید کینسر نظر آ جائے تو وہ بہ آسانی اسے نکال سکتے ہیں۔ مائیکرو اسکوپ کے نتائج نیچر بایو میڈیکل انجینیئرنگ میں شائع ہوئے ہیں۔ خوردبین بہت تیزی سے ٹشو کی انتہائی تفصیلی تصاویر لیتی ہے اور فی سیکنڈ ہزاروں تصاویر کو جوڑ کر اسے تھری ڈی شکل دیتی ہے۔ اس طرح ایک تھری ڈی تصویر بن جاتی ہے۔

Share: