اگر تو آپ انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرتے ہیں مگر انٹرنیٹ کی رفتار سے اکثر انتظار کی زحمت اٹھانا پڑتی ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب ایسا کرنے کے لیے ایپ کی ضرورت نہیں۔ جی ہاں اگر آپ نے انسٹاگرام کا ویب ورژن دیکھا ہو جس میں ویسے تو صرف تصاویر کو لائیک یا نوٹیفکیشن وغیرہ دیکھے جاسکتے ہیں، تو اب وہاں اب آپ تصاویر بھی پوسٹ کرسکتے ہیں۔ انسٹاگرام نے موبائل براﺅزر پر اپنی ایپ کے ویب ورژن میں یہ فیچر متعارف کرایا ہے۔ اس سے پہلے انسٹاگرام تصاویر ایپ سے ہٹ کر پوسٹ کرنا ممکن نہیں تھا مگر اب کمپنی نے خاموشی سے یہ اہم فیچر ویب ورژن میں متعارف کرادیا جبکہ ایکسپلور ٹیب بھی دی ہے۔

اگرچہ اب بھی فلٹرز کا استعمال نہیں ہوسکتا، ویڈیوز پوسٹ، ڈائریکٹ میسجز یا اسٹوریز وغیرہ کو دیکھا نہیں جاسکتا مگر تصاویر کو ضرور پوسٹ کیا جاسکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق صارفین کی ڈیوائس یا نیٹ ورک جو بھی ہو، موبائل ویب براﺅزر پر اس فیچر کو استعمال کیا جاسکے گا۔ بنیادی طور پر یہ انسٹاگرام کی جانب سے فیس بک لائٹ جیسا سسٹم ہے جو ترقی پذیر ممالک میں زیادہ ایم بی والی ایپ کو ڈاﺅن کیے بغیر سروس کو سست انٹرنیٹ کنکشن میں بھی استعمال کرنے میں مدد دیتا ہے۔ فیس بک لائٹ کی طرح انسٹاگرام بھی اپنے صارفین کی تعداد کو ہرممکن تیزی سے بڑھانا چاہتی ہے اور یہ فیچر اس میں مددگار ثابت ہوگا۔ توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل قریب میں یہ فیچر ڈیسک ٹاپ پر موجود انسٹاگرام ویب ورژن میں دستیاب ہوگا۔

Share: