آپ نے فیس بک پروفائل تصویر کی جگہ ویڈیو کا فیچر تو استعمال کیا ہوگا مگر اب کور فوٹو پر بھی اسے استعمال کرسکتے ہیں۔ جی ہاں فیس بک نے خاموشی سے کور فوٹو پر ویڈیوز لگانے کا فیچر متعارف کرا دیا ہے تاہم فی الحال یہ صرف پیجز تک محدود ہے۔ فیس بک نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ ایک فیچر کو آزما رہی ہے جس کے تحت کسی فیس بک پیج کو چلانے والے کور فوٹو کی جگہ ویڈیوز کو استعمال کرسکتے ہیں۔ فیس بک کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ لوگوں کو اس سوشل میڈیا سے زیادہ منسلک رہنے کے راستے ڈھونڈتے ہیں اور اس نئے فیچر سے پیجز کو اپنے صارفین کو زیادہ بہتر تجربہ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ابھی اس کے لیے پیجز میں کور ویڈیو کو اپ لوڈ کرنے کا تجربہ کیا جارہا ہے۔ تاہم فیس بک نے یہ نہیں بتایا کہ اسے عام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔ اس فیچر کو ایک ٹوئٹر صارف ولاڈ کلاز نے سب سے پہلے دیکھا جس نے اس حوالے سے ٹوئیٹ کیا۔

Share: